غالب نے اپنی مکتوب نگاری کے بارے میں فخریہ کہا تھا کہ ’’میں نے وہ طرزِ سخن ایجاد کیاہے کہ مراسلے کو مکالمہ بنا دیا ہے۔ ہزار کوس سے بزبانِ قلم باتیں کیا کرو۔ ہجر میں وصال کے مزے لیا کرو۔‘‘ اب شعر و سخن کے شیدائی ہزار کوس دور بیٹھے اپنے شاعروں کی نغمہ سرائی سنتے ہیں اور ریکارڈ شدہ مشاعرے دیکھتے ہیں۔ زبانی روایت فلم پر محفوظ ہو کر دائمی سرور کا وسیلہ بن گئی ہے۔
مجلسِ فخر بحرین برائے فروغِ اْردو اسی دائمی سرور اور محبت کے پیغام کو عام کرنے کی سعی کر رہی ہے، اس سلسلے کا پانچواں عظیم الشان عالمی مشاعرہ ’’بیادِ پروفیسرخلیل الرحمن اعظمی‘‘گزشتہ دنوں منعقد ہوا۔ مجلس کے مشاعروں کو ایک امتیاز حاصل ہے کہ یہ سکا بند، خوش گلو اور روایتوں سے انحراف کرتے ہوئے مشاعروں سے بالکل مختلف ہوتے ہیں،مجلس فخربحرین کے بانی و سربراہ اور بحرین میں کئی عالمی مشاعروں کی روایت کو تقویت عطا کرنے والی ادب دوست، ادب فہم اور ادب نواز شخصیت محترم شکیل احمد صبرحدی کی منفرد سوچ اور اردو سے بے لوث محبت نے ان محفلوں کو مشاعروں کی روایتوں کا پاسبان و تہذیبی اور علمی قوت سے مالامال کر دیا ہے۔آپ کی رہنمائی و سرپرستی میں ، مجلس نے 2013 میں شہریار کی یاد میں ایک عظیم الشان اور یادگار مشاعرہ منعقد کیا تھا۔ ۔2014 میں تحقیقی کتاب فراق گورکھپوری ،شخصیت،شاعری اور شناخت کا اجرا اورعالمی مشاعرہ بیاد فراق گورکھپوری منعقد کیا گیا ،2015 میں عرفان صدیقی حیات،خدمات اور شعری کائنات کا اجرا اور تیسرا عالمی مشاعرہ عرفان صدیقی کی یاد میں منعقد کیا گیا۔جسٹس آنند نرائن ملا کی علمی و دابی خدمات پر مجلس کی جانب سے جامعہ ہمدرد دہلی کے کنونشن سینٹر میں ایک روزہ قومی سیمینار منعقد کیا ۔2016 میں نائب صدر جمہوریہ ہند عالی جناب حامد انصاری صاحب کے بدست ’’ آنند نرائن ملا حیات و کمالات‘‘کا اجرا اور عالمی مشاعرہ بیاد پنڈت آنند نارائن ملا منعقد ہوا۔ گزشتہ سال علی گڑھ میں ’’خلیل الرحمن اعظمی ایک بازیافت” کے عنوان پر ایک قومی سیمینار منعقد کیا گیا۔معروف ادیب و نقاد پروفیسر شمس الرحمن فاروقی ،معروف فکشن نگار سید محمد اشرف، پروفیسراشتیاق احمد ظلی،محترمہ راشدہ خلیل،ہما مرزااور ڈاکٹر سلمان خلیل اعظمی نے اس سیمینار میں شرکت کی۔ ٢٠١٧خلیل الرحمن اعظمی کی یاد منائی۔ عالمی مشاعرے کا انعقاد ہوا۔
اس سال مجلس نے جامعہ الہ آباد میں پنڈت برج نارائن چکبست کی یاد میں دو روزہ سیمینار منعقد کیااورآپ کی یاد میں عالمی مشاعرہ منعقد کیا جا رہا ہے .